اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریباً 5 فیصد تک کم ہوئی ہے، جس کے پیشِ نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آج نئی قیمتوں کی سفارشات مرتب کرے گی۔ عالمی نرخوں کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے سے زائد اضافہ کیا گیا تھا۔ اس اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے اور درآمدی اخراجات میں اضافے کو قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے مجوزہ نظام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے کاروباری منصوبہ بندی، اسٹاک مینجمنٹ اور سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے کسی بھی نئے نظام کے نفاذ سے قبل تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت ضروری ہے۔







