زمیندارہ بند ٹوٹ گیا، بیٹ علاقوں میں سیلابی پانی سے بستیاں زیرِ آب، نقل مکانی

بیٹ ظاہر پیر (نمائندہ خصوصی)بیٹ مراد ۔بیٹ پرارہ اور بیٹ دیوان کے علاقوں میں زمیندارہ بند ٹوٹنے کے باعث سیلابی پانی نے تباہی مچا دی، کئی بستیاں زیرِ آب آگئیں جبکہ پانی تیزی سے آبادیوں اور زرعی زمینوں کی طرف بڑھنے لگا۔ گھروں میں پانی داخل ہونے کے بعد متعدد خاندان اپنے بچوں، خواتین اور مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق زمیندارہ بند ٹوٹنے کے بعد پانی نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سیلابی پانی سے مکانات، راستے اور زرعی اراضی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگر فوری طور پر بند کی مرمت اور پانی کا رخ موڑنے کے اقدامات نہ کیے گئے تو مزید کئی بستیاں زیرِ آب آسکتی ہیں۔متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں، تاہم خواتین، بچوں، بزرگوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلابی پانی کے باعث آمدورفت کے راستے بھی متاثر ہونے سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان، اسسٹنٹ کمشنر، محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی ٹیمیں، کشتیاں اور دیگر ضروری سامان بھجوایا جائے، جبکہ زمیندارہ بند کی فوری مرمت کرکے مزید آبادیوں کو زیرِ آب آنے سے بچایا جائے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر خیمے، خوراک، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جائے، بصورتِ دیگر صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں