کراچی ایئرپورٹ پر غیر قانونی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، 7 مسافر آف لوڈ

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی امیگریشن ٹیم نے جناح ایئرپورٹ پر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے سات مسافروں کو روک لیا اور انہیں فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر تعینات امیگریشن اہلکاروں نے کارروائی کے دوران مشتبہ مسافروں کو روک کر غیر قانونی سفر کی کوشش ناکام بنا دی۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ مسافر وزٹ ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے، جہاں سے وہ دبئی اور ملائیشیا کے راستے ترکی اور لیبیا جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ان کا منصوبہ تھا کہ وہاں سے سمندر کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافر مختلف ایجنٹوں کے ذریعے رابطے میں تھے اور ہر مسافر نے یورپ جانے کے لیے 20 لاکھ سے 45 لاکھ روپے تک ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
تمام گرفتار شدگان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں