وفاقی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں آئل کمپنیوں کو تیل کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت دے دی ہے۔ حکومت نے فوری طور پر 14 کروڑ لیٹر پیٹرول درآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ایک خط کے ذریعے کہا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی تناؤ کے باعث کم از کم 20 دن کا تیل کا ذخیرہ لازمی رکھا جائے تاکہ ملک میں کسی بھی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔
پی ایس او حکام کے مطابق حکومتی ہدایات کے بعد فوری ردعمل دیتے ہوئے تقریباً 7 کروڑ لیٹر تیل کے لیے ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، جو آئندہ 10 روز میں کراچی بندرگاہ پہنچے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ جو آئل ٹینکر 6 جولائی کو متوقع تھا، اسے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 26 جون تک پاکستان پہنچ جائے۔ اس بندوبست کے بعد یکم جولائی تک ملک میں 14 کروڑ لیٹرز اضافی پیٹرول کا ذخیرہ موجود ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر آئندہ دنوں میں مزید ہنگامی ٹینڈرز بھی جاری کیے جا سکتے ہیں تاکہ تیل کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔
