آج کی تاریخ

ریلوے ٹریک شکستہ حال، خوشحال ٹرین کا برا حال، پھر پٹڑی سے اتر گئی، مسافر خوار

ملتان(نمائندہ خصوصی)ریلوے حکام کے غلط فیصلہ نے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے مسافروں کو خوار کرکے رکھ دیا ۔جمعہ کے روز پشاور سے کراچی کے لئے جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی8میں سے6بوگیاں کنڈھ کوٹ سٹیشن پر ریلوے ٹریک سے اترگئیں ۔دن 1بجکر30منٹ پراترنے والی بوگیوں کو ساڑھے8گھنٹے کے بعدرات11بجے دوبارہ ریلوے ٹریک پر چڑھایا گیا۔اس دوران ٹرین کے تمام مسافر بذریعہ روڈ اپنی منزل مقصود کے لئے روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق 24اپریل کو5سال کے تعطل کے بعد کراچی پشاور کراچی کے درمیان بحال ہونے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس ٹریک کی خستہ حالی کی وجہ سےاپنی بحالی کے پہلے روز سے ہی مسائل کا شکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیکب آباد کشمور 125کلومیٹر ٹریک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ڈبل بلاک ریلوے ٹریک مکمل طور پر زگ زیگ ہے۔ ٹریک میں پتھر موجود ہی نہیں۔ ٹرین اس 125کلومیٹرکے سیکشن پر10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر طے کرتی ہے۔باوجود اس کے اپنی بحالی کے پہلے روز ہی پشاور سے کراچی کے لئے جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی ایک بوگی جیکب آباد سے روانہ ہوتے ہی دو کلومیٹر بعد ہی ریلوے ٹریک سے اتر گئی تھی۔ ٹرین کو روزانہ اپنے مجموعی دورانیہ میں 16گھنٹے سے زائد کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس پر صرف دو ہفتے بعد ہی ٹرین کی روانگی کو ہر دو دن بعد تک محدود کردیا گیا۔ تاہم اس سب کے باوجود نہ تو ٹرین کی اور نہ ہی اس سے سفر کرنے والے مسافروں کی گردش کم ہوسکی۔اب جمعہ کے روز کندھ کوٹ ریلوے سٹیشن کے قریب ہی اس کی 8میں سے6بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں۔ٹرین میں موجود مسافر ٹرین کی بوگیوں کے دوبارہ ٹریک پر چڑھائے جانے کی غیر یقینی کی صورتحال پر بذریعہ روڈ اپنی منزل مقصود کے لئے روانہ ہوگئے۔ ریلوے قواعد کے تحت ٹرین کی6گھنٹے سے زائد کی تاخیر پر مسافروں کو 100فیصد ٹکٹ کی رقم ریفنڈ کی جاتی ہے تاہم بوگیاں اترنے کے بعد8گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہونے کے باوجود کسی مسافر کو اس کا ریفنڈ نہیں دیا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین کو چھوڑ کر جانے والےمسافروں نے کنڈیکٹر گارڈ یا اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر سے ریفنڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا تھا جو انہوں نے نہیں حاصل کیا۔ اس لئے ٹرین چھوڑ کر جانے والے مسافر ریفنڈ کے حق سے محروم ہوگئے ہیں۔ریلوے مسافروں،سماجی سیاسی حلقوں نے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی موجود حالت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے روٹ پر ریلوے ٹریک کو بحال کیا جائے اس کے بعد ٹرین کو چلایا جائےتاکہ مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں