اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان معاشی استحکام حاصل کرنے کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
یہ بات انہوں نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت جہاد اظہور نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
اجلاس میں حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات اور ان کے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح میکرو اکنامک اصلاحات کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کو بھی تیز کرنا ہے، تاکہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف کے وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا اور اصلاحاتی عمل اور ترقی کے سفر میں مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
