گیس کنکشن مسائل، “قوم” میں معذور بچی کی خبر پر جی ایم کا سخت ایکشن، انکوائری شروع

ملتان( نیوز رپورٹر) سوئی نادرن گیس ڈسٹری بیوشن کے جنرل منیجر انجینئرجواد احمد خان خاکوانی نے روزنامہ ’’قوم‘‘میں بورے والا اور ملتان کی معذور بچی کی سوئی گیس کنکشن نہ لگنےکے حوالے سے شائع ہونےوالی خبر پر سخت ایکشن لیا ہے۔ انہوں نے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو کہ میرٹ پر انکوائری کرے گی اور جو بھی افسر اس بچی کو دفتر کے چکر لگوانے میں ملوث ہوا اس کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام گیس کے صارفین ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ ان کی خدمت کرنا ان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس میں لاپروائی کرنے والے افسر یا کوئی بھی اہلکار ہوں وہ محکمے کے لیے بدنامی کا باعث ہیں۔ انہوں نے سختی سے تمام ریجن کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ صارفین کو دفتر کے چکر نہ لگوائیں ۔کسی بھی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسر ی جانب شہریوں کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ نئے گیس کنکشن کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ فائلوں کی تاخیر، غیر ضروری اعتراضات اور بار بار دفاتر کے چکر لگوانا معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ درخواست جمع کرانے کے کئی کئی ماہ بعد بھی پیش رفت نہیں ہوتی جس کے باعث گھریلو صارفین سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ملتان کے علاقے پیراں غائب روڈ پر واقع سوئی گیس کا دفتر شہر کے مرکزی علاقوں سے خاصا دور ہےجس کے باعث دور دراز سے آنے والے شہری شدید پریشانی کا سامنا کرتے ہیں۔ بزرگ افراد، خواتین اور مختلف مسائل کا شکار افراد کے لیے اس دفتر تک پہنچنا نہایت مشکل ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں عوام کی سہولت کے دعوے کیے جاتے ہیں وہاں بنیادی سہولتیں تک میسر نہیں۔ملتان کی ایک معذور بچی کے اہل خانہ نے نئے گیس کنکشن کے لیے بارہا دفاتر کے دروازے کھٹکھٹائے مگر ہر بار نئے اعتراضات اور غیر ضروری تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بچی کے وہیل چیئر پر ہونے کے باوجود اہلکاروں نے درخواست کو نمٹانے میں غفلت برتی جس کی وجہ سے گھر والوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔روزنامہ قوم نے اس سنگین مسئلے کو اجاگر کیا تو شہریوں سمیت سماجی حلقوں کی جانب سے اخبار کے اس جرات مندانہ اقدام کو بھرپور سراہا گیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر میڈیا ایسے مسائل سامنے نہ لائے تو عام شہریوں کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔معذور بچی کے معاملے پر اعلیٰ حکام کی فوری کارروائی اور انکوائری کے اعلان کو شہریوں نے مثبت قدم قرار دیا ہے۔ عوام نے کہا کہ روزنامہ قوم نے مظلوم شہریوں کی آواز بن کر ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کی جس پر ادارے کی جانب سے خاطر خواہ ایکشن لینا خوش آئند ہے۔شہریوں نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ انکوائری صرف کاغذی کارروائی ثابت نہیں ہوگی بلکہ ذمہ دار ملازمین کے خلاف مثال قائم کی جائے گی تاکہ آئندہ کسی شہری خصوصاً معذور اور کمزور طبقے—کو دفاتر کے دھکے نہ کھانے پڑیں۔عوام نے سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دفتر کو شہریوں کے نزدیک منتقل کیا جائے یا کم از کم آن لائن سسٹم کو مؤثر بنایا جائے تاکہ لوگوں کو بار بار سفر اور خواری سے بچایا جا سکے۔ ساتھ ہی نئے کنکشن کی پالیسی کو شفاف بنایا جائے تاکہ میرٹ پر جلد از جلد درخواستیں نمٹائی جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں