کوٹ ادو میں سماعت سے محروم افراد کو لوٹنے والا گروہ متحرک، جعلی اشتہار و ٹیمیں بے نقاب

کوٹ ادو(خصوصی رپورٹ) کوٹ ادو میں سوشل میڈیا پر اشتہارلگا کر سماعت سے محروم افراد کو لوٹنے والا گروہ بے نقاب ،ملزمان آلہ سماعت بحالی کیمپ کے نام سے تشہیر کرتے اور آنے والے مریضوں کو ہیئرنگ ایڈ بیچ کر چلے جاتے۔کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے کوالیفائیڈ آڈیولوجسٹ نے موقع پہ جا کر سوالات پوچھے تو بھانڈا پھوٹا۔شہریوں نے مطالبہ کیاہےکہ اسلام آباد میں بیٹھ کر ماہرین کے نام پرٹیمیں بھیجنے والے اور آلے بیچنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔تفصیل کے مطابق پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا ایپس خصوصاً فیس بک پرآلہ سماعت بحالی کیمپ کے نام سے اشتہار لگائے جاتے اورکوٹ ادو کے عوام کو ٹارگٹ آڈینس بنایا جاتا۔اشتہار میں اس طرح کا تاثر دیا جاتا جیسا کہ کان کے مسائل کا شکار اور کم سننے والے افراد کے لیے کوئی مفت کیمپ لگنے جا رہا ہے۔اشتہار میں دعویٰ کیا جاتا کہ اسلام آباد سے ماہرین کی ٹیم آئے گی۔اول تو صرف رابطےکے نام پر صرف فون نمبر دیا جاتا جب مریض رابطہ کرتے تو پہلے ٹوکن کے نام پر ان سے پیسے وصول کئے جاتے اور پھر کوالیفائیڈ ڈاکٹر آڈیولوجسٹ کےبجائے عطائی نوجوانوں کو آدھے ادھورے ایکویپمنٹس بھیج کر کوٹ ادو بھیجا جاتا جن کا کام صرف اور صرف اپنے آلے بیچنا ہوتا ۔ انہیں مریض سے نہ ٹیسٹ سے کوئی غرض ہوتی ہے۔بون کنڈکشن کے بغیر ٹیسٹ کر کے آلہ سماعت لکھ دیتے تھے۔کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے کوالیفائیڈ آڈیولوجسٹ نے موقع پہ جا کر ان کو بےنقاب کیا تو آگے سے یہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔مہینے میں اک آدھ بار ان کا وزٹ ہوتا ہے۔ اس سے قبل یہ بوسٹ لگا کر کیمپ کی پروموشن کرتے ہیں اور ہر بار نیا بندہ بھیج دیتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عطائی بندہ خود کو آڈیولوجسٹ اور یونیورسٹی کا پاس آؤٹ قرار دے رہا ہے مگر تحقیق پر پتا چلا اس نام کا کوئی بندہ 2023 کا پاس آؤٹ نہیں ہے۔کوٹ ادو کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد سے چلنے والے اس منظم گروہ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائی کرنا چاہیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں