پنجاب میں نئی موٹر کاروں کو فٹنس سرٹیفکیٹ سے پانچ سے سات سال تک استثنیٰ

ملتان(نیوز رپورٹر )حکومت پنجاب نے کار مالکان کے لیے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے نئی موٹر کاروں کو ایک مخصوص مدت تک فٹنس سرٹیفکیٹ بنوانے کی شرط سے مستثنیٰ قراردے دیا ہے۔ پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب نئی گاڑی کے مالکان کو گاڑی کی انجن گنجائش کے حساب سے کئی سال تک فٹنس سرٹیفکیٹ بنوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 1000 سی سی تک کی گاڑی خریدنے والوں کو گاڑی کی تیاری کی تاریخ سے پانچ سال تک فٹنس سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسی طرح 1001 سے 2000 سی سی تک کی گاڑی کو چھ سال جبکہ 2000 سی سی سے زیادہ انجن والی گاڑی کو سات سال تک فٹنس سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اگر کسی شہری کی گاڑی 1000 سی سی یا اس سے کم ہے تو اسے گاڑی کی تیاری کے بعد پہلے پانچ سال فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ 1001 سے 2000 سی سی تک گاڑی رکھنے والے شہریوں کو چھ سال اور 2000 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے مالکان کو سات سال تک یہ سہولت حاصل رہے گی۔حکومت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد گاڑی مالکان کے لیے کاغذی کارروائی اور وقت کی بچت کرنا اور غیر ضروری دفتری مراحل کم کرنا ہے۔ اس سے نئی گاڑی رکھنے والے شہریوں کو ابتدائی برسوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ بنوانے کی اضافی زحمت اور اخراجات سے بھی ریلیف ملے گا۔تاہم گاڑی مالکان یہ بات ذہن میں رکھیں کہ فٹنس سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑی کو دیگر قانونی تقاضوں سے بھی چھوٹ مل گئی ہے۔ گاڑی کی رجسٹریشن، ٹوکن، ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک قوانین سمیت دیگر ضروری شرائط بدستور لاگو رہیں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں