ملتان ( ایجوکیشن رپورٹر)زکریا یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر ڈاکٹر عثمان سلیم کے خلاف مبینہ طور پر تشدد، دھمکیاں دینے اور گاڑی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں تھانہ ڈی ایچ اے پولیس کو درخواست دے دی گئی۔ درخواست گزارسیف اللہ کے مطابق 30 ستمبر 2026 کو شام تقریباً 6 بجے یونیورسٹی میں سیکشن بورڈ کے اجلاس سے فارغ ہونے کے بعد وہ پارکنگ میں اپنی گاڑی کے قریب پہنچا تو ڈاکٹر عثمان سلیم، جو یونیورسٹی میں چیف سکیورٹی آفیسر کے طور پر بھی تعینات ہیں، مبینہ طور پر اس کی گاڑی کی ڈگی پر چڑھے ہوئے تھے۔ درخواست کے مطابق درخواست گزار نے گاڑی پر چڑھنے کی وجہ دریافت کی تو مبینہ طور پر اسے گالم گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عثمان سلیم نے اسے مبینہ طور پر مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے شور کیا تو اسے گولی مار دیں گے۔ درخواست کے مطابق جب وہ قریب گیا تو مبینہ طور پر اس پر حملہ کردیا ، اسے دھکے اور تھپڑ مارے گئے جبکہ اس کے کپڑے پھٹ گئے اور جسم پر بھی چوٹیں آئیں۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے اس کے سر پر وار کیا اور ہاتھ توڑنے کی کوشش کی، تاہم ڈاکٹر ثمرہ مسعود اور دیگر افراد نے مبینہ طور پر مداخلت کرکے اسے بچایا۔درخواست گزار نے قانونی کارروائی اور میڈیکل معائنے کی استدعا کی ہے۔ پولیس رپورٹ میں مقدمے سے متعلق دفعات بھی درج کی گئی ہیں جبکہ درخواست اور متعلقہ ریکارڈ مزید کارروائی کیلئے پولیس حکام کو ارسال کردیا گیا ہے۔







