پنجاب بھر میں پولیس افسران کی خفیہ نگرانی، کارکردگی اور شہرت جانچنے کا فیصلہ

ملتان (نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں پولیس افسران کی کارکردگی اور شہرت کا جائزہ لینے کے لیے خفیہ رپورٹس اور ریکارڈ اکٹھا کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ اوز سمیت فیلڈ میں تعینات پولیس افسران کے بارے میں متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جبکہ اہلِ علاقہ سے بھی پولیس افسران کی کارکردگی، رویے، عوامی شکایات اور شہرت سے متعلق خفیہ طور پر رائے لی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی افسران کے حوالے سے رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔ ان رپورٹس میں افسران کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جرائم کی روک تھام، مقدمات کے اندراج، شہریوں سے برتاؤ، اختیارات کے استعمال اور افسران کے خلاف موصول ہونے والی شکایات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق خفیہ سروے اور مختلف اداروں سے حاصل ہونے والی رپورٹس کو باہم ملا کرافسران کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ریکارڈ اور الزامات کی تصدیق کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ تصدیق کے دوران کسی افسر کے خلاف شکایات درست ثابت ہونے کی صورت میں محکمانہ کارروائی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پولیس کے احتسابی نظام کو مزید مؤثر بنانا، اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کرنا اورتھانوں میں عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کرنا ہے۔ پولیس افسران کی تعیناتی اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی شکایات کو بھی اہمیت دی جائے گی تاکہ ایسے افسران کی نشاندہی کی جا سکے جن کی موجودگی سےپولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ متاثر ہو رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر فوری فیصلہ کرنے کے بجائے معلومات کی مکمل تصدیق کی جائے گی تاکہ کسی افسر کے خلاف بلاجواز کارروائی نہ ہو۔ دوسری جانب پولیس حلقوں میں اس عمل کو احتساب اور میرٹ کی بنیاد پر افسران کی تعیناتی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں