ملتان (نمائندہ خصوصی، کرائم رپورٹر) تھانہ نیو ملتان کی حدود میں پرانی رنجش کے باعث فائرنگ کے واقعے میں سابق پولیس انسپکٹر ذاکر گجر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ذاکر گجر صبح مسجد گلزارِ
مدینہ سے نمازفجر ادا کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ سفید رنگ کی ویگنار گاڑی میں مبینہ طور پر سوار زاہد اور منور گجر نے ان پر فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں ذاکر گجر شدید زخمی ہوکر زمین پر گر پڑے۔اطلاع ملنے پرریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ذاکر گجر کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول اور نامزد ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان کے درمیان دیرینہ رنجش چلی آرہی تھی۔ مقتول ذاکر گجر ماضی میں رحیم یار خان، وہاڑی اور خانیوال سمیت مختلف اضلاع کے تھانوں میں ایس ایچ او کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔واقعے کے بعد پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کروا کر میت ورثا کے حوالے کردی جبکہ تھانہ نیو ملتان میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ ایس ایچ او نیو ملتان کے مطابق- ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور پولیس ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
تھانہ نیو ملتان کے علاقے میں ریٹائرڈ انسپکٹر ذاکر گجر کے قتل کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتول کے مبینہ قاتل کی اہلیہ، بچوں اور سالے کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہےجبکہ اصل ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تفتیش کے دوران اس پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا کہ کہیں یہ قتل کسی اجرتی قاتل یا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تو نہیں کیا گیا۔







