پریش راول نے ‘او ایم جی 2’ میں کام کیوں نہیں کیا؟ اداکار نے برسوں بعد اصل وجہ بتا دی

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار پریش راول نے پہلی مرتبہ ان وجوہات پر کھل کر بات کی ہے جن کی وجہ سے انہوں نے فلم ‘او ایم جی 2’ میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پریش راول نے بتایا کہ انہوں نے ہدایت کار اور مصنف امیت رائے کے ساتھ مل کر جنسی تعلیم (سیکس ایجوکیشن) پر مبنی ایک الگ فلم کا تصور تیار کیا تھا۔ ان کے مطابق اس کہانی کا بنیادی خیال انہی کا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی تھی جس کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی زندگی مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے، جبکہ اس کا والد انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
پریش راول کے مطابق اس کہانی میں ایک ایسے رہنما کردار کی ضرورت تھی جو والد کی مدد کرے، لیکن وہ خدا کا کردار نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ‘او ایم جی’ میں خدا کا کردار مقدمے کی نوعیت کی وجہ سے ضروری تھا، تاہم نئی کہانی میں اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کو معلوماتی، دلچسپ اور شائستہ انداز میں پیش کرنے کے لیے معروف سیکسولوجسٹ ڈاکٹر پرکاش کوتھاری سے بھی مشاورت کی گئی اور اس سلسلے میں متعدد ملاقاتیں ہوئیں۔
پریش راول نے انکشاف کیا کہ اس کردار کے لیے ابتدا میں سلمان خان اور بعد ازاں اجے دیوگن سے رابطہ کیا گیا، لیکن دونوں نے موضوع غیر روایتی ہونے کی وجہ سے فلم میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ ان کے مطابق اس مرحلے پر اکشے کمار سے رابطہ نہیں کیا گیا تھا کیونکہ منصوبہ اس وقت ‘او ایم جی 2’ کے نام سے تیار نہیں ہو رہا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ بعد میں امیت رائے نے انہیں آگاہ کیا کہ اکشے کمار فلم کا حصہ بننا چاہتے ہیں، تاہم اسکرپٹ پر عارضی طور پر ‘او ایم جی 2’ کا نام درج تھا۔ یہی وہ مرحلہ تھا جب انہوں نے اس منصوبے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا کیونکہ فلم ان کے اصل تصور سے مختلف سمت اختیار کر چکی تھی۔
پریش راول کے مطابق انہوں نے بارہا مشورہ دیا کہ اس فلم کو ‘او ایم جی’ فرنچائز کا حصہ نہ بنایا جائے، کیونکہ ان کے خیال میں یہ اصل فلم کا سیکوئل نہیں تھی، مگر ان کی رائے پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اکشے کمار نے بھی انہیں فلم میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ نئی کہانی میں دوبارہ خدا کا کردار شامل کر دیا گیا تھا، جو ان کے ابتدائی تصور کا حصہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ ‘او ایم جی 2’ میں پنکج ترپاٹھی نے مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ یامی گوتم بھی اہم کردار میں نظر آئیں۔ فلم میں اکشے کمار نے خدا کا کردار نبھانے کے ساتھ اسے اپنی پروڈکشن کمپنی کے تحت پروڈیوس بھی کیا، جبکہ امیت رائے اس کے مصنف اور ہدایت کار تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں