قطر کا ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شمولیت کی خبروں کی تردید، دعوے بے بنیاد قرار

قطر نے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی میں شرکت سے متعلق اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض اسرائیلی میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ دوحہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم یہ اطلاعات حقیقت کے منافی ہیں اور ان میں کوئی صداقت موجود نہیں۔
بیان کے مطابق اس نوعیت کی خبریں ایسے حلقوں کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں جو قطر کو موجودہ علاقائی تنازع کا حصہ بنانا چاہتے ہیں، اس کے ثالثی کے کردار کو متاثر کرنا چاہتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید ہوا دینا چاہتے ہیں۔
قطری حکام نے واضح کیا کہ تنازع کے آغاز سے ہی ان کا مؤقف ایک جیسا اور واضح رہا ہے۔ قطر نہ تو کسی ہمسایہ ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں شریک ہوا ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا آفس نے مزید کہا کہ قطر اپنی متوازن سفارتی پالیسی اور امن کے لیے جاری کوششوں کو گمراہ کن اطلاعات سے متاثر نہیں ہونے دے گا اور خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قطر علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ موجودہ کشیدہ صورتحال کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے اور ایسا جامع و دیرپا معاہدہ ممکن بنایا جا سکے جو تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کا مؤثر حل پیش کرے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق قطر کئی برسوں سے مشرق وسطیٰ کے مختلف تنازعات میں ثالثی کا اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے، اسی لیے دوحہ اپنی غیر جانبدار سفارتی پالیسی پر مسلسل زور دے رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں