صوابی میں واقع تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں میں غیر ضروری سیاحتی سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے، جبکہ تیز بہاؤ کے دوران دریا اور دیگر آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے بھی گریز کیا جائے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے واقع نشیبی علاقوں، خصوصاً لیہ، بھکر اور میانوالی میں پانی کے بہاؤ میں مزید شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور حالیہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی مقدار مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور خطرات کا بروقت اندازہ لگا کر متعلقہ اداروں اور عوام کو ضروری معلومات اور حفاظتی ہدایات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔







