راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کارکن ماجد ستی قتل کیس میں سزا پانے والے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما فرخ تاجی کھوکھر نے اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
فرخ کھوکھر نے سزا معطل کرنے اور رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست بھی عدالت میں دائر کر دی ہے۔
راولپنڈی بینچ نے اپیل اور ضمانت کی درخواستیں ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ ایک ہفتے کے اندر طلب کر لیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں غلط طور پر سزا سنائی گئی، جبکہ وقوعہ کے وقت وہ جائے وقوعہ پر موجود ہی نہیں تھے، اس لیے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔
ہائی کورٹ نے مقدمے کے مدعی اور سرکاری پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
اس کیس کی سماعت ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے کی۔







