پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی میں اختلافات کی اطلاعات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی جانب سے مختلف اور معنی خیز پیغامات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک اور پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے مالی طور پر کمزور مردوں سے بیٹیوں کی شادی کرنے کے معاملے پر والدین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔
نمرہ خان ان دنوں اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تکلیف دہ اور نامناسب رویوں کے حامل مردوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے غلط شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کے بجائے تنہا اور خودمختار رہنا بہتر ہے۔
اداکارہ نے لڑکیوں کے والدین کو مشورہ دیا کہ بیٹی کا رشتہ طے کرنے سے پہلے لڑکے کے کردار کے ساتھ ساتھ اس کی مالی حیثیت کو بھی ضرور مدنظر رکھا جائے۔
نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا ایک پیغام بھی دوبارہ شیئر کیا، جس میں والدین کو کہا گیا تھا کہ اپنی بیٹیوں کی شادی ایسے مردوں سے نہ کریں جو مالی معاملات میں دوسروں کے محتاج ہوں۔
اداکارہ نے اس پیغام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ طے کرنے سے قبل لڑکے کی مالی حالت کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ نمرہ خان اور ان کے شوہر کی جانب سے تاحال علیحدگی کے حوالے سے کوئی واضح یا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔







