تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا اور پارٹی رہنما مشعال یوسف زئی کے درمیان اختلافات میں مزید شدت آگئی ہے۔
مشعال یوسف زئی کی جانب سے ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے سخت الفاظ استعمال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پاس مقدمہ لڑنے کے لیے چار آنے تک نہیں، وہ اب بے بنیاد اور گھٹیا الزامات لگانے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشعال یوسف زئی کو سینیٹر کس نے بنوایا، انہیں اس کا علم نہیں۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ مشعال یوسف زئی کے حوالے سے ہدایات بانی پی ٹی آئی کی جانب سے موصول ہوئی تھیں، تاہم ان کے پاس انہیں سینیٹ سے ہٹانے کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے نکالنے کے بجائے انہوں نے درگزر سے کام لیا۔
دوسری جانب مشعال یوسف زئی نے الزام عائد کیا کہ سلمان اکرم راجا بانی پی ٹی آئی کے سامنے ایک مرتبہ معذرت کرنے کے بعد دوبارہ ان کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سلمان اکرم راجا انہیں پارٹی سے نکالنے کا اختیار رکھتے ہیں تو ایسا کرکے دکھائیں۔
اسی معاملے پر پی ٹی آئی ورکر شاندانہ گلزار نے بھی سلمان اکرم راجا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیسوں کے حوالے سے غلط بات کی ہے۔ شاندانہ گلزار نے سوال اٹھایا کہ امریکا سے آنے والے کروڑوں روپے آخر کون ہڑپ کر گیا؟ اگر یہ حقیقت سامنے آگئی تو پھر کسی کے لیے کچھ باقی نہیں رہے گا۔







