کوٹ ادو (سپیشل رپورٹر،نامہ نگار) کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ مظفر گڑھ کینال میں گرنے کے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی،مزید 3 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں ۔ ریسکیو کے مطابق نہر سے 3 بچوں کی لاش نکال لی گئی جبکہ 3 لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے،لاپتہ ہونے والے 3 بچوں کی عمریں 3 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ ریسکیو کے مطابق سنانواں کے قریب گزشتہ روز باراتیوں سے بھرا ہوا رکشہ بےقابو ہوکر مظفرگڑھ کینال میں گر گیا تھا، نہر میں گرنے والے لوڈر رکشہ پر 26 افراد سوار تھے،11 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب تین لوڈر رکشے بارات لے کر جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ایک لوڈر رکشہ بے قابو ہو کر مظفرگڑھ کینال میں جا گرا۔ رکشے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد سوار تھے۔ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی شروع کی۔ موقع پر موجود مقامی افراد نے چند افراد کو کینال سے نکالاجبکہ ریسکیو ٹیموں نے کشتی، غوطہ خوروں اور واٹر سرچ ٹیموں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا۔ریسکیو کی تازہ فہرست کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ دلاور، 7 سالہ منیب، 58 سالہ سکینہ بی بی، 15 سالہ سمیرا بی بی، محمد صائم، 7 سالہ محمد سبطین، 9 سالہ راجو اور 11 سالہ ظریف شامل ہیں۔دوسری جانب محمد جلال، محمد یاسر، محمد علی، عثمان، شاکر، اقبال بی بی اور کلیم اللہ تاحال لاپتہ ہیںجن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر 4 ریسکیو گاڑیاں، ایک ریسکیو بوٹ، 7 سوئمرز اور 3 غوطہ خور تعینات ہیں۔ کینال کی گہرائی تقریباً 12 سے 15 فٹ، چوڑائی 100 سے 120 فٹ جبکہ پانی کا بہاؤ 3 ہزار سے 5 ہزار کیوسک بتایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کرکے سرچ آپریشن کا جائزہ لیا اور ریسکیو ٹیموں کو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور آپریشن میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔دریں اثناباراتیوں سے بھرا رکشہ مظفر گڑھ کینال میں گرنے سے ڈوبنے والے خاندان کے بارہ افراد کی نماجنازہ اپنے آبائی علاقہ میں ادا کردی گئی۔







