مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کے الزامات مسترد کردیے، جعلی ثبوت دکھانے کا دعویٰ

اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کی جانب سے اپنے اور اپنی بہن کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
ثاقب چدھڑ کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا ردعمل دیا۔ اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کا انٹرویو کرنے والی میزبان کے ولیمے کی ویڈیو بھی اپنی اسٹوری میں شیئر کی۔
مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ پوڈکاسٹ اپنی دوست کے ساتھ کیا گیا اور مبینہ طور پر جعلی ثبوت بھی اسی دوست کو دکھائے گئے، حتیٰ کہ ان ثبوتوں کی تصدیق بھی اسی سے کروائی گئی۔
اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ معاملہ عوام کے سامنے لے کر آرہے ہیں تو ثبوت بھی عوام کے سامنے کیمرے پر پیش کیے جانے چاہئیں تھے، تاکہ لوگ خود فیصلہ کرسکیں کہ دعوے درست ہیں یا غلط۔
مومنہ اقبال کا مزید کہنا تھا کہ انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے پابندی کا سامنا ہے، بصورت دیگر وہ مبینہ وائس نوٹس اور ان کی اہلیہ کی جانب سے موصول ہونے والی ریکارڈ شدہ فون کالز بھی منظرعام پر لے آتیں۔ اداکارہ کے مطابق ایک مختصر وائس نوٹ بھی ان کے بقول کیے گئے دعوؤں کی حقیقت واضح کرنے کے لیے کافی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ثاقب چدھڑ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں کررہے ہیں، تاہم انہیں اللہ پر مکمل بھروسا ہے۔
مومنہ اقبال کے شوہر کا بھی سنگین دعویٰ
دوسری جانب مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے بھی ثاقب چدھڑ کے حوالے سے ایک سنگین دعویٰ کیا ہے۔
حمزہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں الزام عائد کیا کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب انہیں اور ان کے خاندان کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں