ملتان (کرائم سیل )پیر کالونی میں پان شاپس کی آڑ میں منشیات کادھندہ، پولیس اہلکاروں کی مبینہ کی ملی بھگت کاانکشاف،ذرائع کے مطابق پیر کالونی چونگی موڑ کے علاقے میں پان شاپس کی آڑ میں مبینہ طورپر آئس اور چرس کی فروخت کا انکشاف ہوا ہےجبکہ پولیس تھانہ شاہ شمس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت اور رشوت کے عوض منشیات فروشوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ بتایاگیاہے کہ چونگی موڑپر واقع بلال پان شاپ اور گوگا پان شاپ پر منشیات فروخت کی جا رہی ہیں۔ بلال پان شاپ کا مالک بلال مبینہ طور پر آئس فروخت کرتا ہےجبکہ گوگا پان شاپ کا مالک گوگا اور اس کا بھائی تنویر آئس اور چرس کی فروخت میں ملوث ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ دھندہ کافی عرصے سے جاری ہے، جس کے باعث علاقے کے نوعمرلڑکے و نوجوانوں سمیت مختلف عمر کے افراد منشیات کی لت میں مبتلا ہو کر اپنی زندگیاں اور خاندانی نظام تباہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس تھانہ شاہ شمس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت، سرپرستی اور رشوت وصولی کی اطلاعات نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات کے تناظر میں علاقے میں مبینہ منشیات فروشی اور پولیس اہلکاروں کے ممکنہ کردار کی شفاف تحقیقات ضروری قرار دی جا رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خفیہ انکوائری کرائی جائے، مبینہ منشیات فروشی کے مقامات کی قانونی تقاضوں کے مطابق جانچ پڑتال کی جائے اور منشیات فروشوں سمیت ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس معاملے پرملتان پولیس ترجمان سے مؤقف حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم ان کافون اٹینڈ نہ ہو سکا۔ پولیس کا مؤقف موصول ہونے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔







