ملتان(کرائم سیل )روزنامہ قوم کی خبر پر پولیس حکام کا نوٹس، پیر کالونی میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھا پے ، گرفتاریاں، ٹاؤٹ مافیا بھی متحرک،منشیات فروشوں میں کھلبلی، خبریں دینے والوں کو دھمکیاں، شہریوں کا روزنامہ قوم کی نشاندہی پر کارروائیوں کا خیرمقدم، منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا: ایس پی کینٹ ڈاکٹر خدیجہ نے دوٹوک پیغام دے دیا۔ذرائع کے مطابق روزنامہ قوم کی جانب سے پیر کالونی میں منشیات نیٹ ورک، آئس، چرس اور شراب کی فروخت کے انکشاف کے بعد پولیس حکام حرکت میں آ گئے۔ رات گئے تھانہ شاہ شمس پولیس نے مبینہ منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور مختلف منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ دوسری جانب مبینہ طور پر ٹاؤٹ مافیا بھی سرگرم ہو گیا ہےجس کے بارے میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ منشیات فروشوں اور ان کے سرپرستوں کو کارروائیوں سے بچانے کے لیے تسلیاں دے رہا ہے کہ جلد معاملہ طے ہو جائے گا اور فی الحال حالات ٹھنڈے ہونے کا انتظار کیا جائے۔ روزنامہ قوم کی نشاندہی کے بعد مبینہ منشیات فروشوں میں کھلبلی مچ گئی اور وہ یہ جاننے کے لیے متحرک ہو گئے کہ میڈیا کو معلومات کون فراہم کر رہا ہے۔سنگین نتائج اور انتقام کی دھمکیاں دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ دریں اثناپولیس ذرائع نے بھی پیرکالونی میں منشیات فروشی ، تشویشناک صورتحال اورروزنامہ قوم کی خبروں کی سچائی کی تصدیق کی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پیر کالونی میں منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے مبینہ کاروبار نے شہریوں، بالخصوص نوجوان نسل کے مستقبل کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ علاقے میں آئس، چرس اور شراب کی مبینہ فروخت کے خلاف شہریوں نے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہےجبکہ متعلقہ اہلکاروں کی سرپرستی کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے ایس پی کینٹ ڈویژن میڈم ڈاکٹر خدیجہ نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہری جرائم کی نشاندہی کریں، پولیس فوری ایکشن لے گی اور کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ دوسری جانب ایس ڈی پی او ممتاز آباد سرکل محمد عظمت نے کہا کہ روزنامہ قوم وقوم ڈیجیٹل کی نیوزرپورٹس کا نوٹس لیا گیا ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ تھانہ شاہ شمس سے بھی اس حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری منشیات فروشی، جوئے یا دیگر جرائم سے متعلق بلاخوف و خطرہمیں اطلاع دیں، ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ادھر ایس ایچ او تھانہ شاہ شمس محمد بلال نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے خفیہ معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف پہلے بھی کارروائیاں کی گئی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیر کالونی میں منشیات فروشی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اور مضبوط انٹیلی جنس نظام قائم کیا جائے، سہولت کاروں کے خلاف بھی شفاف تحقیقات کی جائیں اور منشیات فروشوں کے خلاف آواز اٹھانے والے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ شہریوں نے روزنامہ قوم کی جانب سے اس سنگین مسئلے کی نشاندہی اور عوامی مفاد میں آواز بلند کرنے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس کارروائیاں محض عارضی نہ ہوں گی بلکہ منشیات کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔







