ترک شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایجے ارتم 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، جس سے فنکار برادری اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبول ٹی وی ڈرامے ’ون لو‘ میں ’اشیل‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اپنی 35ویں سالگرہ منانے کے اگلے ہی روز اچانک انتقال کر گئیں۔ ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں پیر کی دوپہر اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جہاں وہ اپنی والدہ کے ہمراہ موجود تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ انہیں اچانک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا اور فوری طبی امداد کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ ان کے وکیل اوغور گوک کویون کے مطابق ابتدائی طبی رپورٹس میں دل کا دورہ پڑنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
وکیل نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خودکشی سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
ایجے ارتم نے 14 جون 1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں جنم لیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں یاسار یونیورسٹی سے اوپیرا اور ووکل پرفارمنس میں تعلیم حاصل کی، بعد ازاں استنبول کے سعدی علیشک کلچرل سینٹر سے اداکاری کی تربیت مکمل کی اور شوبز میں قدم رکھا۔
انہیں سب سے زیادہ شہرت ڈرامہ ’ون لو‘ میں ’اشیل‘ کے کردار سے ملی، جس نے انہیں ابھرتی ہوئی باصلاحیت اداکاراؤں میں شامل کر دیا تھا۔ ان کے اچانک انتقال پر سوشل میڈیا پر مداح اور فنکار شدید افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔







