ملتان (سٹاف رپورٹر) بہاولپور کی صادق ویمن یونیورسٹی میں گریڈ ایک سے 16 تک کی بھرتیوں میں اسی یونیورسٹی میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے تمام ملازمین کو نظر انداز کرکے خود ساختہ میرٹ کے تحت دیگر افراد کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے یونیورسٹی کے چوہدری اشرف نامی ملازم نے ایک فہرست تیار کر کے اس کی منظوری حاصل کر لی ہے جس میں یونیورسٹی میں گزشتہ سات سے 12 سال تک کے عرصے سے عارضی نوکریاں کرنے والوں میں سے کسی ایک کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ لسٹ کے بجائے مینول لسٹ بنائی گئی اور اس کی حتمی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ نظر انداز کیے جانے والے عارضی ملازمین نے روزنامہ قوم کے توسط سے پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اپیل کی ہے کہ ان کی دادرسی کی جائے اور یونیورسٹی کے اندر عارضی ملازمین کے ہوتے ہوئے باہر سے نئے ملازمین کی بھرتی کے میرٹ کا بغور جائزہ لیا جائے بصورت دیگر وہ عدالت عالیہ سے اپنے حق کے لیے رجوع کریں گے۔







