ایک کروڑ کی منشیات کے عوض بہاولپور کا نوجوان گِروی، 3 سال سے خیبر ایجنسی میں قید

بہاولپور(کرائم رپورٹر) بہاولپور تھانہ صدر یزمان کی حدود چکنمبر 42 ڈی بی کے رہائشی نوجوان کے خیبر ایجنسی میں گزشتہ 35 ماہ سے مبینہ طور پر قید ہونے کا انکشاف جبکہ احسن نامی نوجوان کی جانب سے جاری ہونے والے ویڈیو بیان نے اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑا دی متاثرہ شہری احسن نے ویڈیو بیان میں دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا میرے پیسے ادا کر دو ورنہ پٹھان مجھے جان سے مار دیں گے ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے فوری مدد کی اپیل کر دی احسن کے بھائی محسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکے بھائی احسن کو انکے قریبی ہمسا ئےجبار ولد سلیم قوم کھچی، ارشد ولد یوسف قوم گوندل اور غلام مرتضی ولد سلیم ڈاکیا نے تقریباً 35 ماہ قبل سیرو تفریح کے بہانے اپنے ساتھ خیبر ایجنسی لے گئے انکے بقول ملزمان نے احسن کو ایک پٹھان کے پاس مبینہ طور پر گروی رکھوا کر ایک کروڑ روپے کی منشیات حاصل کی اور اسے خیبر ایجنسی چھوڑ کر خود واپس آ گئے۔ محسن کا کہنا ہے کہ انکا خاندان انتہائی غریب خاندان ہے اور چار بھائیوں پر مشتمل ہے انہوں نے کہا ہے کہ اتنا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود مذکورہ افراد نے نہ تو احسن کی رہائی کے لیے کوئی اقدام کیا اور نہ ہی اسکی واپسی کے لیے پٹھان کو رقم ادا کی۔ اہل خانہ کے مطابق احسن اس وقت شدید ذہنی ازیت کا شکار ہے اور اپنی جان کے تحفظ کے لیے مسلسل فریاد کر رہا ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ،ار پی او بہاولپور غازی صلاح الدین اور ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور احسن کو بحفاظت بازیاب کرا کر اہل خانہ کے حوالے کیا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں