بہاولپور ( نمائندہ خصوصی) مدرسے کے قاری کا 13سالہ بچے پر بیہمانہ تشدد، معصوم بچہ جاں بحق، ملزم گرفتار تفصیل کے مطابق تھانہ مسافر خانہ کی حدود موضع جندرانی غربی میں انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مدرسے کے قاری نے مبینہ طور پر بیہمانہ تشدد کر کے 13 سالہ معصوم بچے کی جان لے لی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ اور کہرام مچ گیا۔ موضع جندرانی غربی میں واقع ایک مدرسے کے قاری عدنان نے مبینہ طور پر غیظ و غضب کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 سالہ طالب علم پر بے دردی سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے معصوم بچے کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ مسافر خانہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم قاری کو موقع سے گرفتار کر لیا، جس سے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بچے کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کی قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ہے۔دوسری جانب معصوم بچے کے اس بے رحمانہ قتل پر ورثا اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ سوگوار ورثاء کاکہنا تھا کہ معصوم حسنین کے قاتل کو سخت سے سخت سزا دے کر ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کی روشنی میں قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







