قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان محمد رضوان نے اپنے خلاف سامنے آنے والے الزامات کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی جانب سے این سی سی آئی اے کو ایک اور خط ارسال کیے جانے کا امکان ہے، جس میں وہ اپنے خلاف عائد الزامات سے متعلق مزید وضاحت طلب کریں گے اور ادارے سے مختلف سوالات کے جوابات مانگیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان خط کے ذریعے اپنے بارے میں سامنے آنے والی عدم تعاون کی افواہوں سے متعلق بھی این سی سی آئی اے سے وضاحت طلب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان پہلی پیشی کے موقع پر ہی این سی سی آئی اے کو اپنے موبائل فون تک رسائی دے چکے ہیں اور انہوں نے اپنا آئی فون پاس ورڈ بھی تفتیشی حکام کے حوالے کیا تھا۔ تاہم پہلی پیشی کے بعد سے اب تک انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے کوئی نیا نوٹس موصول نہیں ہوا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محمد رضوان کو تاحال تحریری طور پر عدم تعاون سے متعلق بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ رضوان تفتیشی عمل میں تعاون کے لیے تیار ہیں تاہم وہ اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی تفصیلات تحریری شکل میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے محمد رضوان اور امام الحق کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دونوں کرکٹرز سے منسوب مبینہ مشتبہ مالی لین دین کے معاملے پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔







