پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ انہیں عام سوشل میڈیا ٹرولنگ سے زیادہ تکلیف اس بات پر ہوتی ہے کہ کچھ افراد شوبز شخصیات کو نشانہ بنا کر اپنی کمائی اور کاروبار چلاتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک یوٹیوب پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی مقبولیت، سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور اپنے لباس کے انتخاب سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی رائے اور تنقید کو مثبت انداز میں لیتے ہیں اور ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ اس سے سیکھ کر خود کو بہتر بنایا جائے۔
اداکار نے کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہوتا ہے جب کچھ لوگ صرف کلک بیٹ اور وائرل مواد بنانے کے لیے تنازعات کو ہوا دیتے ہیں اور شوبز شخصیات کو نشانہ بنا کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے عناصر مسلسل کسی نئے موقع کی تلاش میں رہتے ہیں تاکہ کسی بھی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا سکے۔
فہد مصطفیٰ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ بھی ایک طرح کی کامیابی ہے کہ آج کل کوئی بھی انٹرویو ان کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، اور لوگ مختلف انداز میں ان کے بارے میں بات کرتے ہیں، جو کسی حد تک خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کی مقبولیت پر بلاوجہ منفی ردعمل یا غصہ دکھانا درست رویہ نہیں۔ لباس سے متعلق تنقید پر بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے واضح کیا کہ وہ فیشن کے معاملے میں غیر ضروری سختی نہیں رکھتے، نہ ہی وہ کبھی نامناسب لباس پہنتے ہیں، البتہ وہ منفرد اور فَنکی اسٹائل کے آؤٹ فٹس کو ترجیح دیتے ہیں۔







