عمران خان کا پیغام: قوم تیار ہو جائے، اب آزادی یا موت کا وقت آچکا ہے

اسلام آباد: عمران خان کی بہنوں نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ قوم خود کو تیار کرلے، آزادی یا موت—اب فیصلہ کن وقت آچکا ہے۔
علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام طور پر پریس کانفرنس نہیں کرتیں، مگر موجودہ صورتحال نے انہیں بولنے پر مجبور کردیا ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھا ہوا ہے اور عدالتی اجازت کے باوجود اہلِ خانہ کو ملاقات نہیں دی جارہی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ ان کے احتجاج سے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچا، لیکن اس کے باوجود انہیں روکنے کے لیے سخت رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ان کی بہن جو ڈاکٹر ہیں، انہیں بھی کئی گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا، جبکہ پولیس اہلکار خواتین کے ساتھ بدتمیزی تک پر اتر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل وہ فٹ پاتھ پر بیٹھیں تھیں کہ پہلے لائٹ بند کی گئی، پھر پانی چھوڑا گیا۔ میڈیا نمائندوں اور کے پی کے سے آئے وزراء کو بھی دھکے دیے گئے۔ بارہ سالہ بچے کو محض اطلاع دینے پر گرفتار کرلیا گیا کہ پولیس پانی چھوڑنے والی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق احتجاج کرنے والے منتخب نمائندوں اور کارکنان پر تشدد کیا گیا، لیکن وہ دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے مگر خواتین پر تشدد کیا گیا، چادریں کھینچی گئیں اور سب کو ایک ہی قیدی وین میں ٹھونس دیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 4 اگست کو عمران خان کو بیرونِ ملک جانے کا کہا گیا تھا مگر انہوں نے انکار کیا۔ 500 دن کے ٹرائل میں عمران خان نے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص اپنی قوم کے لیے قربانی دے رہا ہے، اسے سیاست کا نام دینا ناانصافی ہے۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ عمران خان دو ہفتوں سے قید تنہائی میں ہیں اور اہلِ خانہ محض یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ خیریت سے ہیں، مگر ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔
نورین نیازی نے کہا کہ ان کے بیٹے کو بھی قید میں رکھا گیا ہے اور خواتین کے ساتھ بدترین رویہ اپنایا جاتا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ “یہ لوگ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے ہیں، اور عمران خان اس میں رکاوٹ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پہلے سے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھے، اور یہ مظالم کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر سچ دکھانے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اعلان کیا کہ جو ظلم ہوا ہے اس کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں