علی پور، شک 3 جانیں لے گیا، بیوی کی خودکشی، شوہر نے مبینہ آشنا کو قتل کر کے خود کو بھی مار لیا

علی پور،خیرپورسادات(کرائم رپورٹر،نامہ نگار) تھانہ صدر کی حدود مڈ والا چوکی کے قریب شک، جنون اور انتقام کی خونریز داستان، ناجائز تعلقات کے شبہ پر دو افراد قتل، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود مڈ والا میں ندیم نائچ نامی شخص کو اپنی بیوی پر حسن پنوہاں نامی نوجوان کے ساتھ ناجائز تعلقات کا شبہ تھا، اسی بات پر میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، بتایا گیا ہے کہ تین روز قبل اسی تنازعہ پر طیش میں آ کر ندیم نائچ کی بیوی نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی تھی۔بیوی کی خودکشی کے بعد ندیم نائچ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا اور تمام تر ذمہ داری حسن پنوہاں پر ڈال دی، گزشتہ روز وہ طیش میں آ کر اسلحہ سے مسلح ہو کر حسن کے پاس پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے حسن پنوہاں شدید زخمی ہو گیا۔حسن پنوہاں کو قتل کرنے کے بعد ندیم نائچ نے اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی، فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ موقع پر جمع ہو گئے۔قاتل ندیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ شدید زخمی حسن کو تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال علی پور منتقل کر دیا اور جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاکے حوالے کر دی جائیں گی، اس افسوسناک واقعہ کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں