ملتان ( خصوصی رپورٹر) ستھرا پنجاب ایجنسی ملتان میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، بیمار ورکر علاج نہ کروا سکنے کے باعث دورانِ ڈیوٹی جاں بحق گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کو صاف
رکھنے کی ذمہ داری نبھانے والا ستھرا پنجاب کا غریب ورکر خود زندگی کی جنگ ہار گیا، وہاڑی چوک کے قریب بستی چنگڑ والی کے رہائشی محمد یوسف عرف ریمبو کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، کافی عرصے وہ بیمار بھی تھا لیکن مالی مشکلات کے باعث وہ اپنا علاج نہ کروا سکا اور بالآخر دورانِ ڈیوٹی زندگی کی بازی ہار گیا۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ تنخواہ نہ ملنے کے باعث محمد یوسف شدید پریشانی کا شکار تھا۔اہل خانہ کے مطابق محمد یوسف عرف ریمبو ستھرا پنجاب میں بطور ورکر خدمات انجام دے رہا تھا اور یوسی 24 سے یوسی 26 کے علاقے میں صفائی کی ڈیوٹی سرانجام دیتا تھا۔ مرحوم کے بھائی قربان نے بتایا کہ اس کے بھائی کو تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھا اور اپنی بیماری کا مناسب علاج نہیں کروا سکا۔اس کے بھائی قربان کے مطابق تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے محمد یوسف ہر وقت پریشان رہتا تھا۔ وہ اپنی ڈیوٹی بھی انجام دیتا رہا مگر مالی مشکلات اور بیماری نے اس کی زندگی اجیرن کر دی تھی۔ دورانِ ڈیوٹی اس کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔مرحوم کے بھائی نے بتایا کہ محمد یوسف اپنے پیچھے سات سالہ بیٹی چھوڑ گیا ہے، جس کی کفالت اب خاندان کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ گھر کا واحد سہارا چھن جانے سے اہل خانہ پر غم کے ساتھ ساتھ معاشی مشکلات کا بھی پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔قربان نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ محمد یوسف کی وفات اور جنازے کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کی جانب سے کوئی بھی افسر اہل خانہ سے تعزیت کے لیے نہیں آیا۔ اہل خانہ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم کے واجبات فوری ادا کیے جائیں، سات سالہ بیٹی اور خاندان کی مالی معاونت کی جائے اور اس امر کی بھی تحقیقات کرائی جائیں کہ ورکر کو تین ماہ تک تنخواہ کیوں نہیں ملی۔







