رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) خرچہ نہ دینے اور گھریلو ناچاقی پر شوہر کی بیوی پر پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے کی کوشش‘ خاتون معمولی زخمی‘ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز کوٹ سمابہ کے رہائشی بلال احمد نے گھریلو اخراجات کیلئے خرچہ نہ دینے پر بیوی کے جھگڑنے پرطیش میں آکر پٹرول پھینک کر آگ لگانے کی کوشش کی۔ ہاتھاپائی کے دوران خاتون معمولی زخمی ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع پاکر ڈی پی او عرفان علی سموں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری مقدمہ درج کرنے اور واقعہ کی میرٹ پر تفتیش کے احکامات جاری کئے۔ مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہربلال احمد کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا۔ایس پی انویسٹی گیشن شاہد نذیر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور جائزہ لیتے ہوئے مقامی پولیس اور تفتیشی افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ خواتین پر تشدد‘ انہیں جسمانی نقصان پہنچانے اور ان کی جان و عزت کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔







