پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اپنے نئے گانے ’’تو ہے وہی دل نے جسے اپنا کہا‘‘ کے کور ورژن اور سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ سے متعلق پیدا ہونے والے تنازع پر پہلی مرتبہ تفصیلی ردعمل دے دیا ہے۔
گانے کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کئی مداحوں نے نئے ورژن کو سراہا، جبکہ بعض صارفین نے کلاسک گیت کو دوبارہ پیش کرنے کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اصل گانے کی دلکشی برقرار نہیں رکھی جا سکی۔
اسی دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے گانے کی حمایت میں ایک لپ سنک ویڈیو شیئر کی، جس پر عاصم اظہر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم اس اقدام کے بعد گلوکار کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد صارفین نے رجب بٹ کے لیے اظہارِ تشکر پر اعتراضات اٹھائے۔
تنازع بڑھنے پر عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر ایک وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی فرد کی جانب سے ملنے والی محبت یا حمایت کا شکریہ ادا کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ اس شخص کے تمام خیالات، آراء یا نظریات سے متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے تحفظات کو سمجھتے ہیں اور بعض نکات سے اتفاق بھی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے صرف ایک سپورٹر کی جانب سے ملنے والی محبت کا جواب محبت سے دیا تھا اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر زیادہ معنی نہیں دیے جانے چاہئیں۔
عاصم اظہر نے ہلکے پھلکے انداز میں اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے مداحوں سے کہا کہ وہ ان کے نئے گانوں اور ’’میٹھے آموں‘‘ سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔
اگرچہ گلوکار نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث بدستور جاری ہے۔ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ انہیں رجب بٹ کی حمایت قبول نہیں کرنی چاہیے تھی، جبکہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ عوامی ردعمل کے بعد عاصم اظہر نے خود کو اس تنازع سے الگ کرنے کی کوشش کی ہے۔







