ملتان (وقائع نگار) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ڈینگی سپرے نہ ہونے سے سرکاری کالجوں میں طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر فرید شریف کی باربار تنبیہ کے باوجود محکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت برقرار، روزانہ درجنوں طلبہ و طالبات ڈینگی کا شکار ہو رہے ہیں تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کے سرکاری کالجوں میں ڈینگی مچھر کے خلاف سپرے نہ ہونے کی وجہ سے اب صورتحال خوفناک ہو چکی ہے۔ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی پی) کالجز جنوبی پنجاب ڈاکٹر محمد فرید شریف نے ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ کو کئی بار خطوط لکھ کر، فون کالز کرکے اور ذاتی طور پر آگاہ کیا کہ ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ سمیت جنوبی پنجاب کے 202 کالجوں میں ڈینگی لاروا موجود ہے اور فوری سپرے نہیں کیا گیا تو طلبہ بڑی تعداد میں متاثر ہوں گے۔مگر افسوس! آج تک ایک بھی کالج میں سپرے نہیں ہوا۔ڈاکٹر فرید شریف نے کہا کہ”میں نے خود ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ کو مکمل فہرست دی تھی۔ 202 کالجوں کے نام، پتے، پرنسپلز کے نمبرز، سب کچھ۔ لیکن کوئی عمل نہیں ہوا۔ نتیجہ یہ ہے کہ روزانہ درجنوں طلبہ و طالبات ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔ کئی طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے، امتحانات قریب ہیں، مگر وہ ہسپتال کے بستر پر پڑے ہیں۔”ذرائع کے مطابق صرف ملتان شہر کے کالجوں میں گزشتہ دو ہفتوں میں 80 سے زائد طلبہ ڈینگی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ہسپتالوں میں روزانہ سینکڑوں ڈینگی مریض داخل ہو رہے ہیں، جن میں نمایاں تعداد سرکاری کالجوں کے طلبہ کی ہے۔دوسری جانب سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ثوبان ضیاء کی طرف سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوئی ٹھوس اور عملی اقدام نہیں کیا جا رہا۔ نہ تو فیلڈ ٹیمیں فعال ہیں، نہ سپرے کا شیڈول بنایا گیا اور نہ ہی کالجوں کی فہرست پر کوئی نوٹس لیا گیا۔ڈاکٹر فرید شریف نے مزید کہا:”یہ صرف سپرے کی بات نہیں، یہ طلبہ کی زندگیوں کی بات ہے۔ اگر اب بھی محکمہ صحت نہ جاگا تو جنوبی پنجاب کے کالجز ڈینگی کے بڑے کلسٹر بن جائیں گے اور قصوروار محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران ہوں گے۔”والدین میں شدید غم و غصہ ہے۔ ایک طالبہ کے والد نے بتایا کہ “میری بیٹی گورنمنٹ ایمرسن یونیورسٹی کی طالبہ ہے، ڈینگی میں مبتلا ہوئی، 8 دن ہسپتال میں رہی۔ یونیورسٹی میں ایک بھی سپرے نہیں ہوا۔ یہ حکومتی غفلت ہے یا کچھ اور؟”اگر ایمرجنسی بنیادوں پر سپرے نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں ڈینگی کیسز میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔







