علی پور ( کرائم رپورٹر) جتوئی میں پسند کی شادی پر خون خرابہ،لڑکی کےاغوا کی کوشش، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 2 خواتین سمیت 3 زخمی ہو گئےتفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کے تنازع نے ایک بار پھر خون بہا دیا۔تھانہ جتوئی کی حدود میں مسلح افراد نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے گھر پر دھاوا بول کر اغوا کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق بستی ڈینہ کے رہائشی احمد رضا نے علاقے کی رہائشی شبانہ سے پسند کی شادی کر رکھی تھی۔ اسی رنجش پر اصغر اور امجد نے اپنے 10 سے زائد مسلح ساتھیوں کے ہمراہ شبانہ کے گھر پر حملہ کر دیا۔ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ گولیوں کی زد میں آ کرعبدالحکیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ سے2 خواتین سمیت 3 افرادشدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جتوئی منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔واقعے کے بعد علاقہ جتوئی میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔







