تعلیمی بورڈ ملتان میں سودخوری،’’قوم‘‘کے انکشاف پرخفیہ انکوائری

ملتان(وقائع نگار) تعلیمی بورڈ میں سودخوری کا منظم گروہ فعال، روزنامہ قوم کی خبر کے بعد بورڈ انتظامیہ نے خفیہ انکوائری شروع کر دی، ایک ملازم قرض کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔سیکرٹری بورڈخرم شہزادنے بورڈمیں سودکاکاروبارکرنے والےافسران اورملازمین کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے احکامات جاری کردیئے۔تفصیل کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) ملتان کے اندر کچھ سینئر اور جونیئر ملازمین کی طرف سے برسوں سے سود خوری کا ایک منظم نیٹ ورک چلایا جا رہا ہے، جس نے نہ صرف درجنوں ملازمین کو قرض کے بوجھ تلے دبا رکھا ہے بلکہ ایک شخص کی جان بھی لے لی تھی۔روزنامہ ‘‘ قوم’’ نے یہ انکشاف کیا تھا کہ بورڈ کے اندر ہی ایک گروہ فعال ہے جو 10 سے 20 فیصد ماہانہ سود پر ملازمین کو قرض دیتا ہے۔ قرض نہ چکانے کی صورت میں دھمکیاں، ذلت آمیز سلوک اور حتیٰ کہ نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق اس خبر کے شائع ہوتے ہی بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ نے شدید غصے کا اظہار کیا اور چیئرمین BISE ملتان کے حکم پر فوری پر خفیہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایک سینئر افسر کو خصوصی طور پر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ خاموشی سے تمام ملازمین کے مالی لین دین، بینک اکاؤنٹس اور واٹس ایپ گروپس کی چھان بین کرے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس سودخور گروہ کی وجہ سے بورڈ کے ایک کلاس فور ملازم نے شدید ذہنی دباؤ اور قرض کی وصولی کی دھمکیوں کی وجہ سے خودکشی کر لی تھی۔ متاثرہ ملازم نے اپنے خودکشی نوٹ میں واضح طور پر کچھ ساتھیوں کے نام لکھے تھے کہ وہ اسے ماہانہ 15 فیصد سود پر قرض دے رہے تھے اور واپسی نہ ہونے پر گالیاں اور دھمکیاں دے رہے تھے۔ اس واقعے کو اس وقت دبا دیا گیا تھا اور اسے ‘‘ذاتی بیماری’’ قرار دے کر فائل بند کر دی گئی تھی۔ایک موجودہ ملازم نے بتایا’ یہاں تو کئی لوگ لاکھوں روپے کے قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ سود خور گروہ میں دو تین سینئر کلرک اور ایک دو افسر بھی شامل ہیں۔ وہ تنخواہ آتے ہی کٹوتی شروع کر دیتے ہیں۔ جو مزاحمت کرے اس کی نوکری خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔‘‘بورڈ انتظامیہ کے ایک ذمہ دار افسر نے آف دی ریکارڈ تصدیق کی کہ ‘‘ہمارے پاس کچھ ثبوت مل گئے ہیں۔ اب جو بھی ملوث نکلا، اسے نہ صرف نوکری سے فارغ کیا جائے گا بلکہ قانونی کارروائی بھی ہو گی۔کمشنرو چیئرمین نے واضح حکم دیا ہے کہ اس گند کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔’’ملازمین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور کئی لوگ اب کھل کر بیان دینے کو تیار ہیں۔ آنے والے چند دنوں میں بورڈ کے اندر بڑی صفائی متوقع ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں