تجاوزات مافیا اور پارکنگ اسٹینڈز کےخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 3 ٹھیکیدار گرفتار

ملتا ن (وقائع نگار،سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز بھی تجاوزات مافیا،غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز اور اوور چارجنگ کے خلاف بھرپور آپریشن بلاتعطل جاری رکھا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں قلعہ کہنہ اور گوڈری مارکیٹ میں بھرپور کریک ڈاون کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی پختہ تعمیرات اور تھڑے مسمار کرکے راستوں کو کشادہ کیا گیا جبکہ گوڈری مارکیٹ اور قلعہ کہنہ سے ملحقہ سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ آپریشن میں میونسپل کارپوریشن، وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مشینری اور افرادی قوت کے ساتھ حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران تجاوزات کی مد میں بھاری مقدار میں سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔قبل ازیں پیرا فورس کی جانب سے خانیوال روڈ اور گل گشت میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام بازاروں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کی جائیں گی اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور عوامی گزرگاہوں کو کشادہ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں دوست پلازہ اور خواجہ فرید ہسپتال میں کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قائم کرنے اور شہریوں سے مقررہ نرخوں سے زائد پارکنگ فیس وصول کرنے پر 3 ٹھیکیداروں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ پارکنگ اسٹینڈ مافیا کے 6 ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے واضح کیا ہے کہ شہریوں سے پارکنگ فیس کی مد میں ناجائز وصولیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قائم کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد فیس وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور عوامی مقامات پر پارکنگ کے نظام کو قانون کے مطابق بنانے کے لیے متحرک ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں