بہاولپور: منشیات کا دھندہ بےقابو، متعدد علاقوں میں آئس اور چرس فروخت، شہری پریشان

بہاولپور(کرائم رپورٹر) بہاولپور میں منشیات کا کاروبار زور پکڑنے لگا منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں میں تشویش بڑھنے لگی، شہر کے مختلف علاقوں شاہدرہ، ریاض کالونی، رحمان کالونی، چھوٹا بندرہ، کمیٹی چوک، بندرہ بستی، قائد اعظم کالونی، اسلامی کالونی سو فٹا روڈ، بدر شیر، رڈاں بستی، وسیم آباد، بھٹہ نمبر 2، اگڑاہ بستی، پھٹے والی گلی، گڑ منڈی اندرون بازار اور فتح خان بازار میں آئس، چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء کی خریدوفروخت کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات پر تاحال مؤثر کاروائی کے مطالبات زور پکڑنے لگے تعلیمی اداروں کے اطراف، رہائشی آبادیوں اور گلی محلوں میں منشیات کے پھیلاؤ کے خدشات نے والدین کو شدید پریشان کر دیا ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق منشیات فروشوں کے کاروبار کے متعلق نشاندھی اور شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی موثر اقدامات سامنے نہیں آ رہے جس سے منشیات کی خریدوفروخت پر قابو پایا جا سکے شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے محض فرضی فوٹو سیشن اور جھوٹی کاروائیاں کافی نہیں بلکہ مسلسل نگرانی، مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر چھاپے، قانونی کارروائی اور مقدمات کے اندراج سمیت عملی اقدامات ضروری ہیں بہاولپور کے عوامی وسماجی حلقوں نے آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں منشیات کی خریدوفروخت کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کرنے اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے منشیات فروشوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بھی فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بہاولپور سے منشیات جیسی لعنت کا خاتمہ کیا جائے اور نوجوان نسل کو منشیات جیسی موذی لت سے محفوظ رکھا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں