ایک سال میں ڈبل منافع کا لالچ، با اثر ٹاؤن ڈویلپرز کا ٹولہ کروڑوں لے کر غائب

بہاولپور (کرائم سیل)ریڈ زون ایریا میں شہر یو ں کو انویسٹمنٹ پر ’’سال میں ڈبل منافع‘‘ کا لالچ دے کر کروڑوں روپے لوٹنے والے مبینہ بااثر ٹاؤن ڈویلپرز کا ٹولہ غائب ’’امپیریل گرین سٹی‘‘ نامی جعلی ہاؤسنگ سکیم کے نام پر درجنوں شہریوں سے زندگی بھر کی جمع پونجی اینٹھ لی مگر ٹاؤن کا کوئی نام و نشان موجود نہیں۔ متعدد متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ بہاولپور کے بااثر افراد جام نعمان اور جام جاوید اس بڑے مالیاتی فراڈ کے مرکزی کردار ہیں، جو گزشتہ چند ہفتوں سے دفتر بند کرکے رفوچکر ہوچکے ہیں۔شہریوں کو جھوٹے خواب زیرِ زمین لائٹس، پارک، ترقیاتی کام سب فراڈ ہیں۔ڈویلپرز نے ریڈ زون میں 38 کنال پر مشتمل ’’امپیریل گرین سٹی‘‘ نامی جعلی ٹاؤن کا منصوبہ پیش کیا۔متاثرین کے مطابق ڈویلپرز نے دعویٰ کیا کہ:ٹاؤن میونسپل کارپوریشن سے منظور ہونے والا ہے جس میں انڈر گراؤنڈ الیکٹرک لائٹس نصب ہوں گی۔جدید پارک، سڑکیں اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔اور ’’سرمایہ اگلے ہی سال ڈبل‘‘ ہو جائے گا۔ان پرکشش دعوؤں پر شہریوں کو اعتماد دلوا کر 60 سے 70 فیصد پلاٹوں کی فائلیں فروخت کی گئیں۔ مگر عملی طور پر ٹاؤن کی جگہ پر جھاڑیاں، بنجر زمین اور کوئی ترقیاتی نشان تک نہیں۔ ایک متاثرہ شہری زین العابدین نے میڈیا کو بتایا’جام نعمان اور جام جاوید نے مجھے سبز باغ دکھائے کہ ٹاؤن منظور ہونے والا ہے، لائٹس لگیں گی، پارک بنے گا۔ میں نے اپنی میلے والی گلی میں دکانیں فروخت کر کے ایک کروڑ روپے کی انویسٹمنٹ کر دی۔مگر اب ڈویلپرز دفتر چھوڑ کر غائب ہو چکے ہیں، فون بند ہیں، کوئی رابطہ نہیں۔ ہماری زندگی بھر کی کمائی لوٹ لی گئی۔‘‘زین العابدین کے مطابق جب متاثرین نے سائٹ کا دوبارہ دورہ کیا تو وہاں نہ ٹاؤن تھا نہ ترقیاتی کام ہوئے۔ذرائع کے مطابق ’’امپیریل گرین سٹی‘‘ کے نام پر کروڑوں روپے کی رقم وصول کرنے کے بعد ڈویلپرز لاہور اور دیگر علاقوں میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔متعدد متاثرین نے بتایا کہ دو سال سے انہیں صرف بہانے، تاخیر اور تصویری نقشے دکھائے جاتے رہےجس کا مقصد پیسہ بٹورنا تھا۔اب صورتحال یہ ہے کہ:دفتر مکمل لاوارث ڈویلپرز کے موبائل نمبرز بند کوئی نمائندہ موجود نہیں۔ تمام شواہد ایک بڑے نوسرباز ہاؤسنگ اسکینڈل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ’’ہمارا کوئی پرسانِ حال نہیں‘’ہم نے ایک ایک روپیہ برسوں میں جوڑا تھا آج سب لٹ چکا ہے۔ کچھ لوگ قرض لے کر انویسٹمنٹ کر بیٹھے، کچھ نے گھر بیچ کر۔‘‘متاثرین نے کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو یہ ٹولہ مزید شہریوں کو دھوکہ دے کر ملک سے باہر فرار ہوسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں