آج کی تاریخ

کچے کے ڈاکو بے رحم، ایک کروڑ تاوان نہ ملنے پر لاہور کا مغوی قتل، 5 بازیاب

رحیم یار خان(بیورو رپورٹ،نامہ نگار)کچہ کے بے رحم ڈاکوؤں نے ایک کروڑ تاوان کی رقم ادا نہ کرنے پر مغوی کو بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا‘ مقتول کا تعلق لاہور سے تھا۔پانچ مغویوں کوبازیاب کرالیاگیا۔تفصیل کے مطابق ایک ماہ قبل لاہور کا رہائشی 65 سالہ محمد اقبال ہنی ٹریپ کے ذریعے سستی گاڑی کی خریداری کی لالچ میں صادق آباد آیاتھا جس کو کچہ کے ڈاکو اسلحہ کے زور پر زبردستی اغوا کرکے کچہ کے علاقہ میں لے گئے تھے۔ بعدازاں ڈاکوؤں نے مغوی محمد اقبال کی رہائی کیلئے ورثا سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا‘ ایک ماہ تک طلب کی گئی تاوان کی رقم ادا نہ کرنے پر ڈاکوؤں نے مغوی محمد اقبال کو قتل کردیا۔ واضح رہے کہ مقتول مغوی محمد اقبال 4 بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ کچہ میں پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن‘ فائرنگ کا تبادلہ‘ پانچ مغوی بحفاظت بازیاب‘ عید کے ایک روز پہلے بڑی کامیابی میں صادق آباد اور بھونگ سے اغواء ہونیوالے اپنے گھروں کو پہنچ گئے‘ دو سہولت کار زیر حراست۔تفصیل کے مطابق عید سے ایک دن پہلے پولیس کو کچہ راضی میں مسلح ملزمان کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے جدید ٹیکنالوجی‘ بکتر بند گاڑیوں‘ ایلیٹ کمانڈوز‘ دور مار ہتھیاروں اور رات میں دیکھنے والے آلات کی مدد حاصل کرتے ہوئے کچہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا جس میں مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا‘ پولیس نے سرچ و ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اغواء کاروں کے دو سہولت کاروں کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ کچھ روز قبل صادق آباد اور بھونگ کے علاقہ سے اغواء ہونیوالے پانچ افراد نعیم سومرو‘ کامران شیخ‘ عرفان لنگاہ‘شہباز شیخ اور عبدالستار کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ڈی پی او کی جانب سے پولیس پارٹی کی بروقت تیز ترین کامیاب کارروائی پر شاباش دی گئی اور کچہ کریمینلز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں