ملتان(نما ئندہ خصوصی) اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا سرکل کے انچارج قانونگو اور پٹواری نے مبینہ طور پر علاقائی ٹائوٹ کے ایما پر سرکاری اراضی واگزار کروانے کے نام پر غریب شہریوں کے گھروں کو مسمار کر دیا اور گھروں کو مسمار کرنے کے چند روز بعد ہی ٹائوٹ مافیا نےخالی کروائے گئے رقبہ پر دکانوں کی تعمیر شروع کرا دی۔ دوران آپریشن 90 سالہ بزرگ خاتون کے گھر کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ غریب شہری 70 سال سے زائد عرصہ سے اسی جگہ رہائش پذیر تھے جو کہ کمرشل اہمیت اختیار کر گئی تھی جس پر علاقہ کے قبضہ مافیا نے نظریں جما رکھیں تھیں۔ مذکورہ موضع میں 23 کنال 10 مرلہ سرکاری اراضی پر مختلف افراد قابض ہیں جس میں غریبوں کے گھروں کو مسمار کروانے والے شخص چوہدری فضل الرحمان وڑائچ سرکاری زمین کے بڑے رقبہ پر قابض ہے۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال بھی بااثر شخص کے خلاف کارروائی شروع نہ کرا سکیں اور غریبوں کی شنوائی کئے بغیر یکطرفہ فیصلہ جاری کر دیا۔ ذرائع کے مطابق خانیوال کی تحصیل کبیر والا موضع بستی پل چوپرہٹہ کھیوٹ نمبر 134، 23 کنال اور 10 مرلہ سرکاری رقبہ پر مشتمل ہے اوع تقریبا 70 سال سے زائد عرصہ سے مذکورہ سرکاری رقبہ کے ایک کنال 7 مرلہ زمین پر 5 سے 6 کچے پکے گھر تعمیر کرکے 90سالہ بزرگ خاتون بیبن مائی، محمد افضل، ریٹائرڈ فوجی محمد رمضان، عاشق حسین دیگر 5 سے 7 مرلہ فی کس کے حساب سے گھر بنا کر رہائش پذیر تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اب مذکورہ جگہ کمرشل اہمیت اختیار کر گئی تھی جس پر علاقہ کے بااثر ٹائوٹ کی ملکیتی اراضی 28 کنال ہے تاہم وہ 42 کنال سے زائد رقبہ پر قابض ہے جس میں 12 کنال سے زائد سرکاری رقبہ بھی شامل ہے شخص مذکورہ نے ڈپٹی کمشنر خانیوال کو تحصیل کیبر والا کے موضع بستی پل چوپرہٹہ میں موجود 23 کنال 10مرلہ اراضی میں سے 1 کنال 7 مرلہ پر عرصہ دارز سے 90 سالہ بزرگ خاتون اورغریب شہری کچے پکے مکانات بنا کر رہے رہے تھے کو واگزار کروانے کے لئے درخواست دے دی درخواست موصول ہوتے ہی انتظامیہ اسسٹنٹ کمشنر کیبر والا سرکل انچارج قانگو، پٹواری نے بغیر کسی پیشگی نوٹس اطلاع کے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ غریبوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔ چادر چار دیواری کا تقدیس پامال کرتے ہوئے گھروں کو مسمار کر دیا جبکہ درخواست دہندہ چوہدری فصل الرحمان ورائچ کے زیر قبضہ 12 کنال سرکاری اراضی کو 32/34 کے تحت کی گئی اس کاروائی سے نہ صرف استثناء دے دیا بلکہ چند روز بعد ہی خالی کروائی گئی 1 کنال سے زائد اراضی کا قبضہ بھی چوہدری فضل الرحمان وڑائچ کے حوالے کر دیا جس نے سرکاری زمین پر کمرشل مارکیٹ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال، اسسٹنٹ کمشنر کیبروالا سرکل انچارج تحصیلدار، قانونگو وپٹواری نے قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے چشم پوشی کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے متاثرین اراضی،اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تجاوزات آپریشن کے نام پر ایک عرصہ سے رہائش پذیر غریبوں کے گھر مسمار کرکے بااثر شخص کو قبضہ کروائے جانے کے معاملہ پر شدید احتجاج کیا ہے انہوں نے وزیراعلی پنجاب، ممبر ریونیو بورڈ، کمشنر ملتان سمیت دیگر اعلی حکام سے کیبر والا میں غریبوں کے گھروں کو مسمار کرکے بااثر شخص کے قبضہ و تصرف میں دے کر کمرشل مارکیٹ تعمیر کئے جانے کے معاملہ کا نوٹس لینے اور اس فعل میں ملوث ذمہ دران کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
