برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ اور لبرل ڈیموکریٹس کے سربراہ سر ایڈورڈ ڈیوی نے بادشاہ چارلس سوم کے مجوزہ دورہ امریکا کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے سر ایڈورڈ ڈیوی نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ تصور نہیں کیا تھا کہ کسی امریکی صدر کی جانب سے ایسا بیان سننے کو ملے گا جس میں ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے کی بات کی جائے۔
انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دار، بداخلاق اور عالمی قوانین سے ہٹ کر چلنے والا رہنما قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نہ تو برطانیہ کے حقیقی دوست ہیں اور نہ ہی آزاد دنیا کی قیادت کے اہل ہیں۔
سر ایڈ ڈیوی نے مزید کہا کہ ٹرمپ دراصل ایک خطرناک اور بدعنوان شخصیت ہیں اور عالمی برادری کو ان کے ساتھ اسی نوعیت کا رویہ اپنانا چاہیے۔
خطاب کے دوران انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بادشاہ چارلس سوم کا دورہ امریکا منسوخ کیا جانا چاہیے۔







