امریکا ایران مذاکرات میں پیش رفت، گیند تہران کے کورٹ میں ہے: جے ڈی وینس

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والی حالیہ بات چیت میں قابلِ ذکر پیش رفت سامنے آئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے اور کئی اہم معاملات پر پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غالباً یہ پہلا موقع تھا کہ ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان اتنی اعلیٰ سطح پر ملاقات ہوئی، اور ممکن ہے کہ ایران کی موجودہ قیادت کی تاریخ میں بھی یہ اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہو۔
انہوں نے مذاکرات کے اگلے مرحلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب اگلا قدم ایران کے ہاتھ میں ہے اور یہ تہران پر منحصر ہے کہ وہ آگے کیا فیصلہ کرتا ہے۔
نائب صدر نے واضح کیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور امریکا کی تمام ریڈ لائنز اسی بنیادی اصول کے گرد گھومتی ہیں۔
جے ڈی وینس نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا توقع رکھتا ہے کہ ایران اس اہم بحری راستے کو کھولنے کے لیے اقدامات کرے گا جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے حالیہ مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں