پاکستان پریشان نہ ہو، سعودی ولی عہد کا پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور خصوصی تعلقات کے اظہار کے طور پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت بطور ڈپازٹ فراہم کرنے کا پیغام دیا ہے، جسے پاکستان کی معاشی صورتحال کو سہارا دینے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق ولی عہد نے چند روز قبل سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ کو مختصر دورے پر پاکستان بھیجا تاکہ وہ پاکستانی قیادت کو یہ یقین دہانی کرا سکیں کہ ایک خلیجی ملک کی جانب سے واپس لیے جانے والی خطیر رقم کے باعث پیدا ہونے والے زرمبادلہ کے خلا سے پاکستان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کی قیادت کو یہ یقین دہانی کرانا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ صورتحال میں ایک دوست خلیجی ملک کی جانب سے 3 ارب ڈالر سے زائد رقم واپس لیے جانے کے بعد پیدا ہونے والے مالی خلا کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب نے اسی مالیت کا ڈپازٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔
حکام نے اس اقدام کو سعودی قیادت کا غیر معمولی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اسٹریٹجک اعتماد اور مضبوط تعلقات کی واضح علامت ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس پہلے ہی سعودی عرب کے تقریباً 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی قیادت، چاہے سول ہو یا عسکری، سعودی ولی عہد کے اس خصوصی اور ذاتی اقدام پر انتہائی مشکور ہے۔
ادھر توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ ولی عہد سے ملاقات کر کے اس بروقت تعاون پر شکریہ ادا کریں گے۔
اس دورے میں وزیراعظم کی جانب سے سعودی قیادت کو اسلام آباد میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری سے متعلق پاکستان کے کردار پر بھی آگاہ کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان اس وقت دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سرگرم ہے اور 22 اپریل سے قبل ایک اور دور کے انعقاد کی کوششیں جاری ہیں تاکہ موجودہ صورتحال کو پائیدار امن میں بدلا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی حمایت اور پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں