پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایک مرتبہ پھر عالمی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے جا رہی ہے۔ ٹیم گیانا میں کھیلی جانے والی گلوبل سپر لیگ میں شرکت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کی ٹیم ایک بار پھر گلوبل سپر لیگ کا حصہ بن گئی ہے اور یہ ٹورنامنٹ 23 جولائی سے یکم اگست 2026 تک گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ لاہور قلندرز اس سے قبل بھی اس لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں شرکت کر چکی ہے۔
لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے کہا کہ گلوبل سپر لیگ میں واپسی پر وہ بے حد خوش ہیں اور پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ ٹیم کے لیے اپنی صلاحیت، ثقافت اور مقصد دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔
دوسری جانب گلوبل سپر لیگ کے چیئرمین کلائیو لائیڈ نے لاہور قلندرز کو دوبارہ خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کامیاب ترین فرنچائزز میں سے ایک ہے اور اس کی شمولیت ٹورنامنٹ کے معیار اور وقار میں اضافہ کرے گی۔







