پی ٹی آئی کی حکومت نے مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر کنکریٹ کا شہر بنا دیا،مریم نواز شریف

مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں مری کے جنگلات کو بے دریغ کاٹ کر علاقے کو کنکریٹ کے جنگل میں بدل دیا گیا۔
ساملی سنٹوریم اسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف وعدے نہیں کر رہی بلکہ حقیقی معنوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں مری میں غیر قانونی تعمیرات ہوئیں جن کے خلاف کارروائی کرنا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست مشکلات اور کٹھن راستوں کا نام ہے مگر اصل سیاست عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1930 کے بعد پہلی بار ساملی سنٹوریم اسپتال کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مری اور اس کے اطراف میں دل کے علاج کی کوئی سہولت موجود نہیں تھی، اسی لیے کارڈیک سینٹر قائم کیا گیا، جہاں آج ہی 5 مریضوں کی انجیوگرافی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر مری سے پنڈی جاتے ہوئے دل کے مریض دم توڑ دیتے تھے، اسی لیے چند ماہ میں اسپتال کو فعال کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں مریم نواز نے اعلان کیا کہ جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین سروس شروع کی جائے گی تاکہ سیاح اپنی گاڑیاں استعمال کرنے کے بجائے آسانی سے سفر کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گرین بس سروس بھی مری میں متعارف کرائی جائے گی، سڑکوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے اور صاف پانی کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دو سال میں مری دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل ہوگا اور خیبر پختونخوا سے مری میں داخل ہوتے ہی ترقی کا فرق صاف دکھائی دے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں