پشاور میں منعقدہ پی ٹی آئی کے ضلعی اجلاس میں خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے۔
حالیہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اس کے باوجود پشاور کئی بنیادی مسائل کا شکار ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی عدم موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ناقص سیوریج سسٹم کے باعث بارشوں کے دوران شہر میں پانی کھڑا ہو جاتا ہے، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شرکاء نے نشاندہی کی کہ پشاور کے کئی علاقے صاف پانی اور اسٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ ترقیاتی بجٹ کو دیگر اضلاع میں منتقل کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا۔
اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ پر بھی گفتگو ہوئی، جو 2009 میں تجویز کیا گیا تھا لیکن تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے پشاور میگا پراجیکٹس، ارباب عاصم نے جیو نیوز سے گفتگو میں وضاحت کی کہ صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
