آج کی تاریخ

پہلگام واقعے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ، ایئرپورٹس پر نگرانی سخت کر دی گئی

پہلگام واقعے کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت تمام ایئرپورٹس پر چیکنگ اور نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی حدود سے گزرنے والی غیر ملکی ایئرلائنز کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اگرچہ بھارتی ایئرلائنز پر اب بھی پابندی برقرار ہے، تاہم دیگر بین الاقوامی پروازیں جاری ہیں، جن کی کڑی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ملک بھر کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مشکوک پروازوں کو ایئر ڈیفنس نمبر کے بغیر کلیئرنس نہ دی جائے۔ اس کے علاوہ تمام پروازوں کے پری ڈیپارچر مرحلے پر پائلٹس سے ایئر ڈیفنس نمبر طلب کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
تمام ایئرپورٹس پر تعینات ملازمین اور افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات بشمول سرکاری کارڈ ہر وقت ساتھ رکھیں۔ بغیر شناخت کے کسی بھی فرد کو ایئرپورٹ حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF)، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باہمی رابطے کو مؤثر بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ تمام اداروں کو سیکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں