پنجاب میں حالیہ شدید آندھی اور طوفانوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات کے بعد، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سولر پینلز کی تنصیب کے لیے نئے ضوابط اور ہدایات متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انرجی ڈیپارٹمنٹ، بلدیاتی حکومت، اور صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سولر پینلز کی تنصیب کے تمام معاملات کو معیاری اور محفوظ بنایا جائے۔
ڈی جی کے مطابق حالیہ آندھیوں کے دوران پیش آئے تقریباً 70 فیصد حادثات ناقص اور غیر معیاری طریقے سے نصب کیے گئے سولر پینلز اور ان کی تنصیبات کی وجہ سے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ڈھانچوں میں کمزوری اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث یہ پینلز آندھی میں گر کر سنگین حادثات کا باعث بنے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے زور دیا کہ آئندہ سولر پینلز صرف مستند اور محفوظ ڈھانچوں میں ہی نصب کیے جائیں۔ اس سلسلے میں پہلے سے نصب شدہ پینلز کا بھی معائنہ کیا جائے گا تاکہ کسی قسم کی کمزوری یا خطرہ سامنے آنے پر بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو مرمت، معائنہ، اور معیاری انسپکشن کے لیے جامع ایس او پیز تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریگولیٹری گائیڈ لائنز جاری کی جائیں تاکہ سولر پینلز کی تنصیب محفوظ، پائیدار اور معیاری ہو۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مستقبل میں جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور صوبے میں محفوظ توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
