پنجاب حکومت نے عوام کے لیے دو بڑی خوشخبریوں کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبے میں جلد نئی ایئرلائن “ایئر پنجاب” کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جب کہ لاہور سے راولپنڈی تک بلٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت “ایئر پنجاب” کے تحت ابتدائی طور پر چار طیارے لیز پر حاصل کرے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ سروس اندرونِ ملک پروازیں فراہم کرے گی، جب کہ ایک سال بعد بین الاقوامی فلائٹس کی اجازت بھی حاصل کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ لاہور تا راولپنڈی بلٹ ٹرین منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جو صرف 2 گھنٹے 20 منٹ میں سفر مکمل کرے گی۔ یہ پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین ہوگی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں کے لیے بھی بلٹ ٹرین روٹس بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی صوبائی حکومت نے اپنی ایئرلائن اور ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ مزید یہ کہ راولپنڈی سے مری تک “گلاس ٹرین” بھی متعارف کرائی جائے گی تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
